نواز شریف کی وطن واپسی، خاندانی ذرائع نے تصدیق کردی
لندن (ڈیلی گرین گوادر) میاں نواز شریف کی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ وطن واپسی کی فائنل تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد انتظامات کو خود مانیٹر کر رہے ہیں ۔سابق وزیر اعظم کے خاندانی ذرائع نےڈیلی گرین گوادر کے نمائندہ منور بلوچ باچیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کی آمد پر کچھ بڑے شہروں سے قافلے آئیں گے اور جن ذمہ داروں کو ٹاسک دیا جائے گا ، ان سے مریم نواز بھی انتظامات سے قبل ملاقات بھی کریں گی ۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف نےہدایات میں کہا ہے کہ چونکہ نواز شریف نے کافی عرصہ ملک سے باہر گزارا ہے، لہٰذا اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ حقیقتاً لوگ نواز شریف کے انتظار میں بے تاب تھے۔اس حوالے سے انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مریم نواز نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ استقبال تاریخ ساز ہوگا جس کااثر آئندہ انتخابات پر ضرور پڑے گا۔ انہوں نے صدر پنجاب رانا ثناء اللہ اور دیگر صوبوں ، آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو اہم ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونین کونسل ، تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔
اس استقبال کا زیادہ اثر آئندہ الیکشن میں پارٹی رہنمائوں کی الیکشن مہم پر بھی ہوگا ۔ تمام انتظامات کے بارے میں میاں نواز شریف کو مریم نواز لمحہ بہ لمحہ آگاہ کررہی ہیں ۔ نواز شریف کے استقبال میں کسی بھی طرف سے کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اب بس انتظار میاں نواز شریف کی طرف سے فائنل کال کا ہے جس کے بعد مزید تیزی دیکھنے کو ملے گی ۔