مسلم لیگ (ن) ملک وقوم کی تعمیروترقی وخوشحالی کے ایجنڈے اور منشور کے تحت الیکشن میں حصہ لے گی، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستا ن کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن)ملک وقوم کی تعمیروترقی وخوشحالی کے ایجنڈے اور منشور کے تحت الیکشن میں حصہ لے گی، پارٹی قائدوسابق وزیراعظم نوازشریف وطن عزیز کیلئے امن و ترقی کی علامت ہیں ان کی سرپرستی میں مسلم لیگ(ن) ملک کی بقاء وسلامتی کیلئے کوشاں ہے اوروہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو تعمیرو ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن کیا۔یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر میا ں محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کے دوران اگست میں حکومت ختم کرکے عام انتخابات کرانے کااعلان کردیا ہے جسکے بعد ملک میں عام انتخابات میں تاخیر اور موجودہ حکومت کو ایک سال کی توسیع دینے کی جھوٹی اور من گھڑت افواہیں دم توڑگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جب بھی برسراقتدار آئی ہے ملک میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز اور معاشی استحکام آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اوراسکی نا اہل ٹیم کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت اور وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے آئی ایم اف معاہدے اور پاکستان دوست ممالک کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے بعد ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچا گیا اور ایک مرتبہ پھر ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام میگاپراجیکٹس مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں مکمل ہوئے گوادر سی پیک منصوبے مکمل ہونے اور گوادر پورٹ پرتجارتی سرگرمیاں شروع ہونے ملک میں نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ پاکستان معاشی طور پر بھی ترقی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آنے والے عام انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھر پور حصہ لیکر انشاء اللہ کامیابی حاصل کریگی اور عام انتخَابات میں عوام کی طاقت سے پارٹی کامیاب ہوکر اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے