قران پاک تمام انسانیت کیلئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ قران پاک تمام انسانیت کیلئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے اور مسلمانوں کی زندگی میں معنی خیز تبدیلی اس وقت آسکتی ہے جب وہ قرآن پاک کو سمجھ کر اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں،قرآن مجید سے آپ کو ہر ظالم و جابر کے سامنے سچ بولنے اور تمام سماجی برائیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا درس ملتا ہے، اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم ظلم و استحصال سے پاک معاشرے کی تشکیل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوصوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جمعیت اہل حدیث کے زیر اہتمام عظمت قرآن کریم اور استحکام پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی امیر سینٹر علامہ پروفیسر ساجد میر سمیت کئی سیاسی رہنماء اور علماء کرام بھی موجود تھے، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس اہم اور حساس موقع پر عظمت قرآن کریم اور استحکام پاکستان سے متعلق تقریب کا اہتمام کرنا دراصل آپ کی دین مبین اسلام سے گہری وابستگی اور حب الوطنی کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب جن مصیبتوں اور آزمائشوں میں مبتلا ہیں اس کا واحد حل بھی یہی ہے کہ ہم قران مجید کو صحیح سمجھے اور اس پر عمل کریں۔ قرآن کریم کی عظمت اور مملکت خداداد پاکستان کے حوالے سے تقریب کے انعقاد کا مقصد صرف اپنی خوشیوں کا اظہار کرنا نہیں ہے بلکہ یہ دن ہمیں اپنا محاسبہ کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک اور صوبے میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یکجہتی پیدا فرمائے اور ہمیں اپنے ملک کی ترقی و سلامتی، امت مسلمہ اور تمام انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔