دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان سرزمین استعمال ہونے پر گہری تشویش ہے، سینیٹر ثمینہ زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی ہم سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے اور جس طرح ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز بزدل دہشت گردوں سے وطن کی حفاظت کے لئے نبرد آزما ہیں اس کے لئے پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے حملوں کو ناکام بنانے میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔انہوں نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا ژوب گیریڑن پر شدید حملہ اور تنصیبات میں گھسنے کی کوشش کو ڈیوٹی پر مامور فوجیوں نے بہادری سے ناکام بنایااسی طرح سوئی اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی دشمنوں نے اپنی ناپاک کارروائیوں سے فوجی تنصیبات پر حملے کئے جنہیں قوم کے بہادر سپوتوں نے بہادری سے ناکام بناے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور خود وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیاجس کے لئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ حملوں میں سیکیورٹی اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیااور ان حملوں میں کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے اور یہ بات مسلمہ حقیقت ہے کہ پاکستان کا دفاع اور سلامتی ہمارے شہدا کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے اور ا س جنگ میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بہادر افواج اور قوم نے مل کرپہلے بھی دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا اور آئندہ بھی اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس ملک کا تحفظ محب وطن عوام اور بہادرسیکیورٹی فورسز کا مشن بھی ہے اور ہم سب کی قومی ذمہ داری بھی ہے۔ ملک کا تحفظ ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں دہشت گردی کی اصل جڑ ہیں۔انہوں نے پاکستان میں حالیہ حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی قابل تشویش اور ناقابل قبول ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے لئے استعمال کی جارہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان حکومت اپنی سرمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو چاہئے کہ پاکستان میں حملوں میں ملوث افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے