یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ کاجامعہ بلوچستان کا دورہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، تحقیقی، تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں کے مشترکہ طور پر انعقاد، مستقبل کے تعلیمی منصوبوں سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی اداروں کے مابین بہتر تعلقات، تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کے مشترکہ طور پر فروغ سے صوبے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع سمیت، مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور مختلف معاملات کو حل کرنے کے لئے ایک بہتر اقدام ہے جس کے یقینا دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر علمی، تحقیقی، تربیتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔ تاکہ معیاری تعلیم اور کارآمد انسانی وسائل کی پیداوار میں اضافہ کرکے معاشرے کو علم کی روشنی سے منور اور ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بناسکیں۔اس موقع پر یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر نے جامعہ بلوچستان کے کاوشوں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو ممکن بنانے کے لئے مشترکہ طور پر تعاون و اشتراک عمل ناگزیر ہے۔ اور مستقبل میں جامعہ بلوچستان کے ساتھ مختلف سرگرمیوں کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے گا۔