صوبائی حکومت اور پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوار) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے کوئٹہ شہر میں چنددنون کے دوران موٹر سائیکل چھیننے اورچوری کی درجنوں وارداتیں ہوچکی ہیں واردات کے دوران مزاحمت پر باپ اور بیٹے سمیت4افراداپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے،پولیس اورایگل اسکواڈ کے اہلکار وں نے چووں اورڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے شریف شہریوں کو تنگ کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ گزشتہ روزکوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دن دیہاڑے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ کرکے باپ اور بیٹے کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے جس میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اہلکاراورافسران چاہیں توڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کوفوری گرفتار کرسکتے ہیں لیکن وہ ایساکیوں کریں گے کیونکہ انہیں تو چوروں اورڈاکووں کو تحفظ فراہم کرنے کا بھتہ ملتا ہے۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس خود تو پولیس گاڑیوں کے حصار میں دفاتر اور گھرجاتے ہیں وہ کیاعوام کو تحفظ دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قمبرانی روڈ پر باپ اور بیٹے کو قتل کرنے والے ڈاکووں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے