سویڈن کی نیٹو رکنیت کیلئے ترکی کو یورپی یونین میں شامل کرنا ہوگا، طیب اردوان
انقرہ(ڈیلی گرین گوادر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر یورپی ممالک ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے لیے آمادہ ہوجائیں تو وہ نیٹو میں سویڈن کی رکنیت کی منظوری دے سکتے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں سویڈن کی رکنیت ترکی کے یورپی یونین کا حصہ بننے سے مشروط کی ہے۔ طیب اردوان کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ لیتھوانیا کے دارالحکومت ویلنیئس میں نیٹو کے اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔
اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی 50 سال سے یورپی یونین کے دروازے پر انتظار کر رہا ہے اور نیٹو کے تقریباً تمام رکن ممالک یورپی یونین کے رکن بن چکے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل رجب اردوان نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فوننک رابطہ کیا تھا جس میں انہوں نے بائیڈن سے نیٹو اجلاس میں ترکی کے یورپی یونین میں شامل ہونے پر تمام نیٹو رہنماؤں کی واضح حمایت کا مطالبہ کیا تھا۔