شدید طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے کنگری کے علاقہ میں 220kV ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور گر گیا ہے، ترجمان کیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوارکے روز شدید طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے کنگری کے علاقہ میں 220kVڈیرہ غازیخان۔لورلائی ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور گر گیا ہے جبکہ دو ٹاوروں کو جزوی نقصان پہنچا جسکی وجہ سے لورلائی گرڈ اسٹیشن سمیت اس ٹرانسمیشن لائن سے منسلک 132kV دْکی، کوہلو، رکھنی، بار کھان، ہرنائی،شاہرگ، قلعہ سیف اللہ، گوال حیدر زئی،مسافرپور،ڑوب، پسین زئی، خانوزئی، زیارت، پشین، گلستان اور قلعہ عبداللہ گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی کی ہدایت پر کیسکو نے ان متاثرہ گرڈ اسٹیشنز کو متبادل زرائع سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی۔ کیسکو ترجمان نے کہا کہ 220kVٹاور گرنے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کے لیئے 150میگا واٹ کی برقی قلت پیدا ہوگئی ہے جسے پورا کرنے کے لیئے ان متاثرہ علاقوں میں اضافی لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ 220kVٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاور کی مرمت و بحالی کے سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی نے کیسکو کے شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) کو این ٹی ڈی سی سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی جلد متاثرہ ٹاوروں کی مرمت و بحالی کا کام شروع کر ے گی۔ تاہم کیسکو نے 220kV ڈیرہ غازیخان۔لورلائی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور گرنے کی وجہ سے اضافی لوڈ مینجمنٹ پر معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔