حکومت فوری طور پر ہرنائی میں امن امان کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیکر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، سینیٹر سعید احمد ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے ضلع ہرنائی میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرنائی کے عوام گزشتہ کئی سالوں سے اپنی ہی سرزمین پر دہشتگردی کے پے در پے واقعات کے باعث بے روزگار اور محصور ہو کر رہ گئے ہیں، حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہرنائی میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیکر اسکی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینیٹرسعید احمد ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ سات سے آٹھ سال سے ہرنائی میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں ایک طرف کوئلے اور زمینداری سے منسلک افراد کو نقصانات ہوئے ہیں تو دوسری جانب سیکورٹی فورسز بلخصوص ایف سی کے درجنوں جوان بھی شہید ہوئے ہیں اس صورتحال کے باعث ہرنائی کے عوام شدید اضطراب اور قرب میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہرنائی میں عید سے قبل 30سے 40ٹرکوں کے ٹائر برسٹ کئے گئے جبکہ عید پر بھی ایک درجن کے قریب کوئلے سے لدے ٹرکوں کو آگ لگا دی گئی پورا ضلع اس وقت دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال ہے جبکہ بد امنی کے ستائے ہوئے عوام،ٹرانسپورٹر، عوامی نمائندے، ٹھیکیدار سمیت ہر طبقہ گزشتہ کئی روز سے ہڑتال اور احتجاج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرد آلو، کھوسٹ، شاہرگ،ہرنائی کے عوام کا گزر بسر زمینداری اور کان کنی سے وابستہ ہے یہاں صوبے اور ملک کے دیگر علاقوں سے ہزاروں لوگ روزگار کے لئے آتے ہیں جو آج بے روزگاری کے ہاتھوں پریشان ہیں ہرنائی کے عوام کے تحفظ میں حکومت ناکام نظر آرہی ہے گزشتہ کئی سالوں سے ہرنائی میں سیکورٹی فورسز موجود ہیں تاہم اس کے باوجود دہشتگردی کے واقعات کے رونما ہورہے ہیں جس سے حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ہرنائی میں امن امان کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیکر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔