بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، سید حسنین ہاشمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 35اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، صوبے میں حکومت کا حصہ نہ ہوتے ہوئے بھی 7اضلاع کے چیئر مین منتخب ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں،آئندہ عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر صوبے میں حکومت بنائے گی۔یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ا س موقع پر پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی حالت نا گفتہ بہ ہے شہر میں پانی، سڑکوں، حکمت عملی سمیت بنیادی سہولیات کا فقدان ہے شہر کے عوام اس وقت مشکلات کا شکار ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کی جانب سے گزشتہ پانچ سالوں میں شہر کی بہتری پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کوئٹہ کے عوام نے منتخب کیا تو شہر کی حالت کو بہتر بنائیں گے اور جدید ترقی یافتہ کوئٹہ کی داغ بیل ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی جڑیں ملک بھر میں عوام کی بنیادی سطح تک ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے صوبے کے تمام چیئر مین، وائس چیئرمین، کونسلران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔۔انہوں نے کہا کہ کارکن آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کریں اور پارٹی پیغام کو گھرگھر پہنچائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے