کتاب قیادت کا سفر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے سفر کی ایک خوبصورت تصویر ہے، دردانہ صدیقی

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی سید ابو الاعلیٰ مودودی کی مخلصانہ جدوجہد کا ثمر ہے,جس کی نظریاتی بنیادیں معاشرے کے ہر شعبے کا احاطہ کرتی ہیں,یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی تدوین تاریخ جماعت کمیٹی کی مرتب کردہ کتاب قیادت کے سفر کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہی،انھوں نے کہا کہ کتاب قیادت کا سفر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے جہد مسلسل کی داستان ہے ۔اس کتاب میں جن خواتین کا تذکرہ موجود ہے انہوں نے اس وطن عزیز کو اس کے اصل نظریے کے مطابق ڈھالنے کے لیے پارلیمنٹ ، سماجی اداروں اور انٹرنیشنل فورمز میں اپنی خدمات سر انجام دیں اور یہ ثابت کیا کہ جماعت اسلامی صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو پاکستان سے لے کر دنیا کے گوشے گوشے میں اپنے نظریے اور نصب العین کے ساتھ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کسی بھی دینی اور سیاسی جماعت کا سب سے بڑا خواتین نیٹ ورک ہے کسی بھی دوسری سیاسی جماعت میں خواتین کا اس اتنا منظم ونگ موجود نہیں الحمدللہ یہ اعزاز جماعت اسلامی کو حاصل ہے اور اس میں ایک بہت بڑا کردار ہماری ان مربین بہنوں کا ہے جن کا تذکرہ کتاب قیادت کا سفر میں موجود ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ قیادت کا سفر کتاب 2015 میں شائع ہونے والی کتاب روشن آبگینے کا تسلسل ہے۔اس کے لیے تاریخ جماعت کمیٹی مبارکباد اور دعاؤں کی مستحق ہے۔ اس کتاب کا مقصد پاکستانی خواتین کو یہ باور کروانا ہے کہ ایک منظم تنظیم کی خواتین کس طرح اپنی نجی ذمہ داریوں کے ساتھ اجتماعی ذمہ داریوں کو ادا کرتی ہیں۔بالخصوص تحریکی ساتھیوں کے لیے اس میں رہنمائی موجود ہے کہ ایک بڑے نصب العین کے ساتھ اپنے ذاتی کاموں کے ساتھ اجتماعی امور کو بہتر سے بہتر انداز میں ادا کیا جا سکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ سکریٹری جنرل عائشہ منور نے کہا کہ جماعت اسلامی نے وہ فہم دیا کہ دین پر عمل کونوں میں چھپ کر بلکہ اس کا تعلق انسانوں کے اجتماعی معاملات میں نفاذ سے ہے ۔مولانا سید ابو الاعلی مودودی رح نے اقامت دین کے بنیادی مقاصد کے لئے درکار جذبوں کو جلا بخشی ۔ اس موقع پر سابقہ سیکرٹری جنرل کوثر فردوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتاب قیادت کا سفر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے سفر کی ایک خوبصورت تصویر ہے۔ہمیں اپنے اسلاف کی کاوشوں سے آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ کمزوریوں اور خامیوں کا ادراک ہو سکے۔

صدر وومن اینڈ فیملی کمیشن اور سابقہ سیکٹری جنرل حلقہ خواتین پاکستان رخسانہ جبین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی خوبی ہے کہ دعوت کا کام ہنگامی حالات میں بھی ہمیشہ جاری رہا ہے۔ہر نئے آنے والی قیادت نے اپنے پیش رو کے منصوبوں کو آگے بڑھاتے ہوئے تحریک کو وسعت دی۔علاوہ ازیں ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطیہ نثار ، زبیدہ اصغر اور دیگر نے خطاب کیا ۔ تاریخ جماعت کمیٹی کی نگراں روبینہ فرید کی غیر موجودگی میں ان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔تقریب میں ڈپٹی سیکٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی ثمینہ سعید ،ڈاکٹر حمیرا طارق،سکینہ شاہد ،عنایت جدون،عطیہ نثار کے علاوہ ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان ،نائب ناظمات صوبہ پنجاب شمالی نزہت بھٹی،ناظمہ صوبہ خیبر پختونخوا بلقیس مراد،ایم پی اے حمیرا بشیر اور الخدمت فاؤنڈیشن حلقہ خواتین کی صدر کلثوم رانجھا، ڈاکٹر کی تنظیم پیما کی صدر ڈاکٹر نوید بٹ اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید اور ناظمہ ضلع راولپنڈی آنسہ اشفاق اپنی ٹیم کے ہمراہ اس تقریب میں شریک تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے