شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 8 بچے جاں بحق، ملبے تلے مزید بچوں کی تلاش جاری
خیبرپختونخوا (ڈیلی گرین گوادر) خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر لینڈ سلائیڈ سے 8 بچے ملبے میں دب گئے ہیں جس کے نیتجے میں 6 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں اور مزید کی تلاش جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد نے کہا کہ مرتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر بچے کھیل رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈ ہوگئی اور 8 بچے اس کے نیچے دب گئے جن کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمی میں مصروف ہیں جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ سمیت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پران میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 بچوں کی لاشیں اور ایک بچی زخمی حالت میں نکالی گئی ہے جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے دیگر بچوں کی تلاش جاری ہے۔
زخمی بچی اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ میں منتقل کردیا گیا ہے اور ریسکیو آپریشن میں مقامی لوگ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل 12 جنوری 2022 کو خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک گھر لینڈ سلائیڈ کی زد میں جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوئے جبکہ خاندان کے 9 افراد دب گئے تھے۔