وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے اعلان کے مطابق جمعہ کو ”یوم تقدس قرآن“ منایا جائیگا، شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ(ن) بلوچستان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے اعلان کے مطابق جمعہ کو ”یوم تقدس قرآن“ منایا جائیگا اس سلسلے میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے زیراہتمام ایک ریلی نکالی جائے گی۔ یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی زیر صدارت ہونے والے پارٹی کے اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ دورانی مرکزی نائب صدر سیدال خان ناصر،اشرف جاوید کرد،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صدر سردارنقیب اللہ ترین، عرفان خان،احسان اللہ، نور درانی،عبداللہ باقی کاکڑ، عامر برہانی،عید خان الکوزئی، طارق گل اور عامر جاوید نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے سے دنیا بھرکے 2ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں اللہ پاک کی کتاب قرآن مقدس کو نذر آتش کرنا انتہائی قابل مذمت اور ناقابل برداشت عمل ہے رسول اللہ کی توہین یا قرآن مقدس کی توہین کرنے والامسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کرکے دنیا کے پرامن ماحول کو سبوثاز کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سوئیڈن میں قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کے معاملے کو حکومتی سطح پرنہ صرف اٹھایا ہے بلکہ اس واقعہ کی مذمت کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا ہے اور جمعہ 7جولائی کو یوم تقد س قرآن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں ایک قرار داد بھی پاس کی گئی جس میں سوئیڈن میں پاک کی بے حرمتی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کو انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے زیراہتمام جمعہ کوشام ساڑھے 5بجے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے ایک ریلی نکالی کا بھی اعلان کیا گیا۔اجلاس میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے تمام اضلاع کے عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی یوم تقدس قرآن کے حوالے سے ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے