سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے پر پوری امت مسلمہ شدید غم و غصے کی کیفیت میں ہے ` دردانہ صدیقی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) تحفظ تقدیس قرآن پاک مسلمانوں کے ایمان کی اساس اور روح ہے – اللہ کے پیغمبر ﷺ پر نازل شدہ آسمانی کتاب قرآن مجید کا مقام اہل اسلام کی دل کی گہرائیوں میں ہے-قرآن مجید قیامت تک کے لئے انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے-اس لازوال کتاب سے مسلمانوں کو اپنی جان، مال اور اولاد سے بڑھ کر عقیدت ہے-سویڈن حکومت کی ہلا شیری پر عراقی غیر مسلم شہری کی جانب سے اہانت قرآن شدید قابل مذمت اور قابل سزاجرم ہے-ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ،ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حمیراطارق ،ثمینہ سعید،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق ،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی امور خارجہ اور صدر لاہور عظمی عمران نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا
انہوں نے کہا کہ بدبخت انسان نے قرآن عظیم کی شان میں گستاخی کرکے دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، اس اشتعال انگیز عمل سے پوری دنیا کے مسلمان افسرہ اور ان کے دل چھلنی ہیں-
سویڈن حکومت کی خاموشی اور سویڈن پولیس کی جانب سے مجرم کےگرد حفاظتی حصار اس بات کا ثبوت ہے کہ سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی یورپی ممالک میں شعائر اسلام کو اہانت , مذاق اور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہل اسلام ناموس قرآن پر انگلی اٹھانے والے مجرمان کے خلاف شدید غم و غصہ کی کیفیت میں ہیں – قرآن پاک کی تقدیس دنیا کے دو ارب مسلمانوں کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے، اسے اگر چھیڑا جائے گا تو مسلمان بالکل بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے، مسلمان اپنی گردنیں تو کٹا سکتے ہیں، مگر حرمت قرآن اور رسول پر ایک حرف بھی برداشت نہیں کر سکتے – اس حوالے او آئی سی اور عالمی برادری سویڈن حکومت کی زیر سرپرستی اسلام مخالف سرگرمیوں کا فوری نوٹس لے ،حکومت پاکستان سویڈش سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروائے, حکومت پاکستان اس اشتعال انگیز گستاخی کے معاملے کو اقوام متحدہ میں اجاگرکرے- اور دنیا کے باضمیر ممالک کو متحرک کرے -مسلم دنیا کے حکمران تقدیس قرآن کے ایشو پر امت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے