دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاززہری نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے شیرانی میں دھانہ سر کے مقام، تربت اور ہوشاب میں چیک پوسٹ پر حملوں میں شہید ہونے والے پولیس و ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعات کوانتہائی بزدلانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ وطن کی حفاظت جیسے فرض پر مامورسیکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔صوبے کی عوام دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں میجر ثاقب اور دیگر شہداء کی شہادت پر پر فخر کرتی ہے۔ شہداء قوم کا سرمایہ ہیں اور انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کی حفاظت کی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں اور ان کارروائیوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں جو کچھ ناعاقبت اندیش لوگوں کو استعمال کر کے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے اور نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن قائم ہولیکن ُاس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عید کے فوراً بعد امن و امان کی فضا ء کو سبوتاژ کرنے کی دشمنوں کی مذموم کارروائی ہے اور چیک پوسٹوں اور چوکیوں پر حملے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں دہشتگردی کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم اور حوصلہ کمزور نہیں پڑ سکتا اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی دہشت گردوں کے مذموم مقاصدکے لئے کی جانے والی کارروائیوں کی کڑی ہے جسے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم ہماری سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔انہوں نے واقعات میں میجر ثاقب سمیت تمام سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرگہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ہم انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم غیر متزلزل ہے اور پوری قوم مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی اور دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے انہوں نے دہشت گردانہ واقعات میں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔