بلوچستان،پولیس اسٹیشن، لیویز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، حملہ آور بھی ماراگیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ڈپٹی کمشنر شیرانی بلال شبیر نے بتایا کہ اتوار کی رات 12 بج کر 5 منٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں پولیس اسٹیشن اور ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دہشت گردوں کو ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے کر جانے میں کامیاب ہوگئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دانہ سر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کردی ہے۔بلال شبیر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ڑوب منتقل کردی گئیں جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد کی لاش کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا گیا۔ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر بہادر خان، سپاہی محمد افضل اور سپاہی محمد باز خان، سپاہی ایف سی (گن مین کیپٹن سعید) کے نام سے ہوئی جن کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڑوب منتقل کردیا گیا۔بلال شبیر نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔دوسری جانب دانہ سر میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر دولت خان نے کہا کہ عید اور اتوار کی چھٹی کے باوجود تمام ڈاکٹروں اور عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے واقعے کے خلاف شیرانی میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ بند کردی جس کی وجہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں تاخیر ہوئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو طلب کر کے علاقے میں آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھانہ سر کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے اور فائرنگ کی مذمت کی۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے حملے میں 3 پولیس اور ایک ایف سی اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا۔انہوں نے جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد کی ہلاکت پر پولیس اور ایف سی کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حو صلے پست نہیں کر سکتے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، سیکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں، قوم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ نے شہداکے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔