مردان میں ایک روز میں ہیٹ اسٹروک سے18 اموات
پشاور (ڈیلی گرین گوادر) صوبہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے شہر مردان میں 24 جون کے روز ہیٹ اسٹروک سے 18 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔مردان میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود نےڈیلی گرین گوادر سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مردان میں 24 جون کو ہیٹ اسٹروک سے18 اموات ہوئیں، جاں بحق افراد کی عمر 50 سال سے زیادہ اور بیشتر گھریلو خواتین ہیں۔
ڈائریکٹر اسپتال کا کہنا تھا کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے، ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے۔دوسری جانب شدید گرمی کے باوجود پشاور کے 6 مضافاتی علاقوں میں 16 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ترجمان پیسکو کے مطابق کے پی میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی ہے، بجلی کی رسد 2 ہزار 150 میگاواٹ اور طلب 3ہزار310 میگاواٹ ہے۔
شدید گرمی میں زیادہ دیر تک رہنا اور جسم میں پانی کی کمی ہیٹ اسٹروک کا شکار بنانے والے عوامل ہیں کیونکہ ان کے باعث جسم اپنے درجہ حرارت کو کنٹرول نہیں کرپاتا۔ہیٹ اسٹروک میں جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجاتا ہے جو عام حالات میں 37 ڈگری تک ہوتا ہے۔