ملازمین و مزدوروں کوعید سے قبل تنخواہیں و پنشن ادانہ ہوئیں تو شدید احتجاج ہوگا، خان زمان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان چیئر مین حاجی بشیر احمد سیکرٹری جنرل قاسم خان حاجی عبدالعزیز شاہوانی عبدالمعروف آزادمحمد محمد عمرجتک عابد بٹ دین محمد حسنی حاجی یوسف کرد منظور احمد ملک وحید کاسی ظفرخان رند عارف خان نیچاری میر زیب شاہوانی حبیب اللہ لانگو فضل محمد یوسفزئی ملک محمد حسین بنگلزئی عطا محمد مری محمد یار کدیزئی نے بیان میں محکمہ کیو ڈی اے کے ملازمین ومزدوروں کی کیو ڈی اے ملازمین اتحاد کے پلیٹ فارم سے ادارے کے ملازمین کے سو فیصد جائز مطالبات تنخواہوں پنشن میڈیکل ایڈوانس کے حوالے سے جاری احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کیو ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے فنڈز ہونے کے باوجود عیدالاضحی سے قبل تاحال تنخواہیں و پنشن کی عدم ادائیگی انسان حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور ملازمین و مزدوروں کا معاشی استحصال ہے رہنماؤں نے کہا کہ محکمہ کیو ڈی اے کو تباہ کرنیوالے بیوروکریٹس اور افسر اپنے غلط کاموں پر پردہ ڈالنے کیلئے ملازمین کو انتقام کا مشانہ بنا رہے ہیں اگر زیڈ کے بی نامی کمپنی کے ساتھ جوائنٹ وینچر عوامی مفاد میں ہے تو اس معاہدے کو منظر پر کیوں نہیں لایا جا رہا۔ محکمے کی تیار اسکیموں کی قرعہ اندازی کیوں نہیں کی جارہی جس سے ملازمین و پنشنرز کے مسائل حل ہوسکتے ہیں کراچی ٹرمینل میں محکمہ کی 150 دوکانوں کی قرعہ اندازی کرنے کی بجائے کوڑیوں کے دام فروخت کرنے کے حربے کرپشن کے سوا کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ ملازمین و مزدوروں کی تنخواہوں پنشن اور دیگر مطالبات کے حل کیلئے کسی بھی سخت احتجاج سے گریز نہیں کیا جائے گا انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدورو دشمن سیکرٹری اور ڈی جی کیوڈی اے کو فوری طور پر تبدیل کرکے ادارے کو مزید تباہی سے بچایا جائے بصورت دیگر بلوچستان لیبر فیڈریشن کیو ڈی اے کے ملازمین کے ساتھ مل کر سریاب روڈ پر دھرنا دیگی اور عید سے قبل تنخواہوں اور پنشن کے حصول تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔