میر عبدالقدوس بزنجو اور انکی کابینہ نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام دوست اور متوازن بجٹ پیش کیا، میر عبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2023-24کے بجٹ کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور انکی کابینہ نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام دوست اور متوازن بجٹ پیش کیا جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی حالانکہ اس متوازن بجٹ کی تشکیل میں وفاقی حکومت نے بزنجو حکومت کو کوئی کندھا نہیں دیا۔ یہ بات انہوں نے خاران کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی کا کہنا تھا کہ صوبائی بجٹ میں تمام اضلاع کو یکساں اور برابری کی بنیاد پر فنڈزو اسکیمات کی فراہمی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی بلا تعصب عوام دوستی اور قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ قلیل وسائل میں بزنجو حکومت نے بلوچستان کے عوام کو تحفہ دیا ہے اور اس تاریخی بجٹ میں اجتماعی ترقیاتی اسکیمات کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ بجٹ کی تشکیل اور فنڈز کی فراہمی کے جو وعدے کئے انہیں پورا نہیں کیا، صوبائی حکومت نے اپنی انکم خصوصاً ریکوڈک سیندک پراجیکٹس اور سی پیک کی آمدن سے بجٹ تشکیل دیکر یہ ثابت کیا کہ بلوچستان اور یہاں کے عوام اپنے قلیل وسائل سے بھی پا?ں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ایسی نوعیت کی ترقیاتی اسکیمات کو ترجیح دی گئی ہے جس کے ثمرات سے براہ راست عوام کو فائدہ ہوگا، بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے وزیراعلیٰ کے وڑن کو مزید تقویت ملے گی اور صوبے کے عوام صحت کارڈ، نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ، آبنوشی کی اسکیمات اور دیگر اقدامات سے مستفید ہونگے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بزنجو اور انکی ٹیم کی اس بہترین کارکردگی کو صوبے کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔