ہم بہ بانگ دہل کہتے ہیں کہ اختر جان مینگل بلوچستان کی ریڈ لائن ہے، میر غلام نبی مری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بی این پی ضلع کوئٹہ کے کابینہ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ممبر سی ای او و ضلعی صدر کوئٹہ میر غلام نبی مری منعقد ہوا جس میں ضلعی کابینہ کے اراکین میر جمال لانگو، ملک محی الدین لہڑی، طاہر شاھوانی ایڈوکیٹ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، نسیم جاوید ھزارہ، میر اکرم بنگلزئی، ملک عطا اللہ کاکڑ، باجی منورہ سلطانہ اور پرنس رزاق بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں 24 جون کو کوئٹہ شہر میں منشیات اور سریاب و دیگر علاقوں کی سڑکوں کی خستہ حالی اور دیگر گھمبیر مسائل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس ریلی میں بھرپور شرکت کرکے حکومت وقت کو مجبور کرے کہ وہ عوام کے بہتر مفادات کو مدنظر رکھ کر سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، مشرقی اور مغربی بائی سمیت شہر کی دیگر سڑکوں کے تعمیراتی کام کو فی الفور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے اور شہر سے منشیات فروشی کے تمام اڈوں کا قلع قمع کرکے نئی نسل کو تباہی سے بچانے کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر آپریشن شروع کرے۔ اجلاس میں قائد بلوچستان سردار اختر جان مینگل کے آبائی علاقہ وڈھ کے حالات کو خراب کرنے اور مینگل قبیلہ پر ظلم و ستم کا بازار گرم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور بدنام زمانہ دہشت گردوں کے سرغنہ کی بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سٹبلشمنٹ کا پروردہ دہشت گرد یہ نہ سمجھے کہ سردار اختر جان مینگل تنہا ہے۔ ہم بہ بانگ دہل کہتے ہیں کہ اختر جان مینگل بلوچستان کی ریڈ لائن ہے جس کو کراس کرنا بلوچستان کے عوام کے غیض و غضب کو آواز دینے کے مترادف ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے