کوئٹہ کے شہری احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر آئندہ نسلوں کی بقاء، کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، شکیلہ نوید دہوار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی وومن سیکرٹری و رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ24 جون کو کوئٹہ شہر میں تاریخی ریلی نکالی جائیگی،کوئٹہ کے شہری احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر آئندہ نسلوں کی بقاء، کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کی خواتین رہنماؤں و کارکنوں سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے دور حکومت میں ڈنڈے کے زور پر سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، ہزارگنجی روڈ، مغربی بائی پاس، سبزل روڈ، لنک سریاب قمبرانی بائی پاس روڈ کی توسیع اور ازسر نو تعمیر کے منصوبوں میں مقامی دکانداروں کی دکانیں گراکر انہیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سٹی نالے میں کریک ڈاؤن کرکے حکومت اور انتظامیہ نے منشیات کے عادی افراد کو پورے صوبے میں ایک ناسور کی طرح پھیلادیا جس کے باعث صوبے کی آئندہ نسل منشیات کی جانب راغب ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی ادارے نہ ہونے کے برابر ہیں، اسپتالوں کی خستہ حالی کے باعث اسپتالوں میں لوگ دوران علاج ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص خواتین پر زور دیا کہ وہ بلوچستان نیشنل پارٹی، مرکزی انجمن تاجران، لوکل بس اینڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور سپورٹس کلبز کے زیر اہتمام 24 جون کو کوئٹہ میں سڑکوں کی تعمیر میں سست روی، غیرمعیاری اور ناقص میٹریل کے استعمال، ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل، کوئٹہ شہر اور سریاب میں بجلی اور گیس کی بلاجواز بندش و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، کوئٹہ میں سرعام منشیات کے فروخت کے خلاف بلوچستان پل سے صوبائی اسمبلی تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر آئندہ نسلوں کی بقاء، کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ بی این پی نے عوام کے اجتماعی قومی مفادات اسمبلیوں کے اندر اور باہر ہرفورم پرآواز بلند کی، تاریخ واہ ہے کہ پارٹی نے کبھی عوام کے اجتماعی قومی حقوق اور مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔