عیدالاضحی کے بعد نوکریوں کی فروخت کے خلاف عوام کے ساتھ ملکراحتجاجی تحریک شروع کریں گے، لالایوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالایوسف خلجی نے کہاہے کہ بلوچستان میں بے روزگاری انتہاء کو پہنچ چکی ہے پڑھے لکھے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن سرکاری محکموں میں سرعام نوکریوں کی بولیاں لگ رہی ہیں جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہاکہ صوبائی حکومت ایک طرف دعوے کر رہی ہے کہ صوبائی محکموں میں 15ہزار سے زائد خالی اسامیاں ہیں جن پر پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی لیکن اسکے برعکس نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن اسکے برعکس میرٹ سے ہٹ کر لاکھوں روپے کے عوض نوکریاں فروخت کی جارہی ہیں جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان امن جرگہ سرکاری محکموں میں اسامیوں کی خریدوفروخت اورمن پسندافرادکو نوکریاں دینے کی مذمت کرتا ہے اور عیدالاضحی کے بعد نوکریوں کی فروخت کے خلاف عوام کے ساتھ ملکراحتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی وقبائلی شخصیات بھی سرکاری نوکریوں کی فروخت کے خلاف آوزبلند کررہی ہیں بلوچستان امن جرگہ جلدہی ان سیاسی وقبائلی شخصیا ت سے بھی رابطہ کریگا تاکہ نوکریوں کی سرعام فروخت کے خلاف بھر پور آوازاٹھائی جاسکے۔ لالایوسف خلجی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری محکموں میں فوری طورپرنوکریوں کی فروخت کانوٹس لیتے ہوئے اسکی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ سخت احتجاج پر مجبور ہوگا۔