بلوچستان میں بجلی کی قلت کا بحران سنگین، کیسکو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں بجلی کی قلت کا بحران سنگین ہوگیا کیسکو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا،کوئٹہ میں دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی،سبی، ڈھاڈر،نصیر اباد،جعفرآباد،تربت میں بھی بارہ بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ کیسکو ذرائع کے مطابق بلوچستان میں کیسکو کو 2300میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ صوبے کو بمشکل چھ سو میگاواٹ بجلی مل رہی ہے،سترہ سو میگاواٹ کی کمی کے باعث کیسکو نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں ایک سے دو گھنٹے کا اضافہ کردیا، کوئٹہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سات سے دس گھنٹے ہوگیا ہے، جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر میں بارہ گھنٹے جبکہ زرعی فیڈرز پر اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے بدھ کو شیخ ماندہ گرڈ سے بائیس فیڈرز کو بجلی کی فراہمی گیارہ گھنٹے سے زائد بند رہی،گرمی میں بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے لیکن جن علاقوں میں وصولی کی شرح کم ہے وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بجلی کے نادھندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے مگر بل ادا کرنے والوں کو مکمل بجلی فراہمی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے