تارکین وطن کا سمندر میں ڈوب جانا قومی سانحہ ہے، دردانہ صدیقی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ،ڈاکٹر حمیراطارق ،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ربعیہ طارق صدر وسطی پنجاب صدر لاہور عظمی عمران نے یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں تارکین وطن کا سمندر میں ڈوب جانا قومی سانحہ ہے، کچھ ماہ قبل بھی ایسا خونی سانحہ پیش آیا تھا، ایسے سانحات انتہائی دلدوز ہوتے ہیں جن میں اچھے مستقبل کی تلاش میں جوان رعنا جان سے چلے جاتے ہیں اور حکومت بیان بازی کرکے بھول جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مایوس ہوکر بیرون ملک جانے کے لیے اپنی جانوں کو داؤ پر لگانا خود حکومت کے وجود اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کس قدر شرم کی بات ہے کہ لوگ سمندروں میں ڈوب کر جانیں دے رہے ہیں اور حکومتیں جوڑ توڑ میں لگی ہیں، ملک کے بےحال عوام کی بے بسی پر مقتدر قوتوں کے محلات اور اثاثہ جات تعمیر ہورہے ہیں۔ حکومتی پالیسیاں ملک کے مستقبل کو تباہی کی جانب لے جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحے کے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے، انہیں زرِ تلافی ادا کی جائے اور انسانی اسمگلنگ کے گورکھ دھندے کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات یقین بنائے جائیں۔#

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے