پشتونخواملی عوامی پارٹی کسی کے ساتھ لڑنا نہیں چاہتی جو حق دیگر اقوام رکھتے ہیں وہی حق پشتونوں کو بھی دینا ہوگا، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام سٹی تحصیل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست بازیچہ اطفال نہیں، سیاست بہت سنجیدہ عمل اور بہترین خدمت ہے ہم نے اپنے فکر اور سوچ کے مطابق ملک اور صوبے میں اپنی سیاسی فکر او ر شعور سے ایماندارانہ رائے دی تھی اور مسلسل دیتے چلے آرہے ہیں ہم جیسے سیاسی کارکنوں کی رائے کو درخورد اعتنا نہ سمجھتے ہوئے جو نقصان ہوچکا ہے وہ آج ناقابل بیان ہے، مزید نقصانات سے بچنے کیلئے بھی ہماری تجاویز ہیں جو قتاً فوقتاً شائع ہوتے چلے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نہ کرنا بربادی کے مترادف ہے سیاست ہی کے ذریعے ہم اپنی قوم کے قومی، سیاسی، جمہوری شعورمیں اضافہ کرسکتے ہیں انہیں اپنے وطن، سرزمین، وسائل، حقوق سے باخبر رکھ سکتے ہیں اور ایک قومی سیاسی پارٹی ہی اپنے وطن اور اس کے عوام کی محافظ ہوتی ہے۔ اپنے وطن کو آزادی دلانے والے لوگ خا ص خوبیوں کے مالک ہوتے ہیں، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے جب سیاسی جدوجہد شروع کی تو ان کے چند ساتھی تھے،آج خان شہید کی شروع کی گئی جدوجہد ایک تحریک بن چکی ہے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی اس تحریک کے منظم تنظیم کی اعلیٰ شکل میں اپنے قوم اور ملک کے جمہوری عوام کی خدمت اور رہنمائی کا اہم فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان بہادر قوم نے اپنی سرزمین پر کسی قبضہ گر کو نہیں چھوڑا اور بے دریغ قربانیوں کے نتیجے میں اپنے وطن کا مضبوط دفاع کیا، انگریز افغان وطن پر قبضہ جمانے میں ناکام رہے اور جب ہمارے عوام کا شعور آگے بڑا اور پختہ ہوا تو انگریزوں کی نئی چال تقسیم کرو حکومت کرو کی پالیسی کے تحت ہمارے وطن کا بٹوارہ کیا گیا ہماری تقسیم اور بٹوارہ تاحال جاری ہے اور پاکستان کے اندر پشتون وحدت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لر وبر کے معنی ہم ایک قوم ہے اور دو ملکوں میں تقسیم ہیں ہم ایک دوسرے کی عزیز اوررشتہ داری سے انکار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک میں پشتونوں کی تاریخی سرزمین پر اپنا قومی صوبہ چاہتے ہیں جس طرح ہر قوم کا اپنی صوبہ،اپنا گورنر، وزیر اعلیٰ ہے اسی طرح پشتونوں کا بھی یہ حق ہے اور اس حق سے ہمیں کوئی بھی محروم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے تمام قوموں، ملکوں اور تمام عالم انسانیت کے انسانی، قومی اور ملکی زبانوں، ثقافتوں، تاریخ اور عقائد کی بے احترامی کو جرم کے مترادف سمجھتے ہیں اور کسی انسان سے رنگ، نسل، زبان اور عقیدت اور پیشے کی بنیاد پر نفرت نہیں کرتے، اور جب ہمارے قومی حقوق، زبان، نسل، ثقافت اور عقائد کی بے احترامی ہو تو اس کے خلاف آواز اٹھانے کواپنا قومی، سیاسی، جمہوری،اسلامی، انسانی فریضہ سمجھتے ہیں۔ اور پشتونخوامیپ کے سیاست کا محور یہ ہے کہ ہم انسانوں سے تضاد نہیں رکھتے،رنگ، نسل، زبان، مذہب، فرقہ، مسلک کی بنیاد پر کسی سے نفرت نہیں کرتے، پشتون تمام مذاہب کے انسانوں، ان کی عبادت گاہوں، زبان، ثقافت کا احترام کرتی ہے اور اپنے مذہب اسلام، زبان،ثقافت اور عبادت گاہوں کا احترام چاہتی ہے۔ انہوں نے نو منتخب ایگزیکٹوز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ کانفرنس ہماری قوم کیلئے خوشحالی کا سبب بنے گا، پشتونخواملی عوامی پارٹی کسی کے ساتھ لڑنا نہیں چاہتی جو حق دیگر اقوام رکھتے ہیں وہی حق پشتونوں کو بھی دینا ہوگا اس کیلئے ہم نے صف بندی کرتے ہوئے اپنی قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد مزید آگے بڑھانا ہوگا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سٹی تحصیل کانفرنس پشتون آباد میٹھا چوک پر پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی دارا خان جوگیزئی، عبدالرحیم راحت زئی، دوست محمد لونی، سابق ایم پی اے ولیم جان برکت نے بھی خطاب کیا۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر اور نصیب اللہ نیازی نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر سٹی تحصیل کے سیکرٹری عبدالمنان نصرت، سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان اور دیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے۔ نو منتخب ایگزیکٹوز سے پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے حلف لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے