اوتھل، اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے 4 بھائیوں کا مشترکہ گھر جل کر خاکستر

اوتھل (ڈیلی گرین گوادر) الیاس محلہ اوتھل میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے پل بھر میں چار بھائیوں کا مشترکہ گھر جل کر خاکستر ہوگیا اور یوں یہ مشترکہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگیا، جبکہ کوڑی کوڑی جمع کرکے بیٹی کیلئے بنایا گیا جہیز بھی آگ کی نذر ہوگیا، پیر کے روز الیاس محلہ اوتھل میں یار محمد، دین محمد، عبدالطیف اور محمد انور خاصخیلی کے گھر میں کھانا پکاتے ہوئے آچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا گھر جل کر خاکستر ہوگیا اس حوالے سے گھر کے مالک یار محمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گھر میں کھانا پکایا جارہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی جسکی فوری طور پر میونسپل کمیٹی کو اطلاع دی گئی لیکن میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ کی گاڑی وقت پر پہنچ نہ سکی اور پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن گیا جبکہ بڑی مشکل سے پیسہ پیسہ جمع کرکے اپنی بیٹی کی شادی کیلیے بنایا گیا جہیز بھی جل گیا یار محمد نے نم آنکھوں اور ساتھ نہ دینے والی زبان سے بتایا کہ ہمارا یہ مشترکہ کنبہ ہے جس میں ہم چار بھائی مشترکہ رہتے ہیں گزشتہ سال سیلاب میں بھی ہمارا گھر شدید متاثر ہوا جسکے اثرات آج تک ہمارے گھر پر ہیں اس سے بمشکل ہی سنبھلے تھے کہ آج اس اچانک بھڑک اٹھنے والے آگ نے ہمارا سب کچھ جلا کر راکھ بنادیا انہوں نے کہا کہ اگر میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ جاتی تو شاید ہمارا گھر اور سامان مکمل جل جانے سے بچ جاتا لیکن میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور ہم بے گھر ہوکر رہ گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے