2018 کے عام انتخابات میں نان کیڈر کے سیاستدانوں کو آگے لانے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، میرعبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ 2018کے عام انتخابات میں نان کیڈر کے سیاستدانوں کو آگے لانے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، امید ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں یہ غلطی نہیں دھرائی جائے گی، مخلص، ایماندار اور محب وطن لوگوں کو آگے لایا جائیگا اور عوام کے ووٹ کو اہمیت اور عزت دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں محب وطن اور مخلص سیاستدانوں کو جمہوری ٹرین سے دھکادیکر گرایا گیا اور نان کیڈر کے لوگوں کو اس جمہوری ٹرین میں زبردستی سوار کیا گیا لیکن یہ نان کیڈر کے سیاستدان ملک کو صحیح ٹریک پر چلانے میں بری طرح ناکام ہوئے یہی وجہ ہے کہ ملک آج مالی بحران کا شکار ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے، بے روزگاری کا اژدھا غریب عوام کو نگل گیا ہے، بھوک و افلاس اور غربت نے اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں، ملک دیوالیہ ہونے کو جارہا ہے لیکن نان کیڈر کے یہ سیاستدان اقتدار کی ہوس میں اس قدر آگے نکل گئے ہیں کہ انہیں ملک اور یہاں کے غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں وہ صرف کرسی اور اقتدار کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں، عوام مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ آکر خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئندہ آنے والے عام انتخابات میں نان کیڈر کے ان سیاستدانوں کو عوام مسترد کردیں گے، ہمیں امید ہے کہ آنے والے انتخابات میں مخلص ایماندار اور محب وطن قیادت کو آگے لایا جائے گا اور 2018کے عام انتخابات میں جو غلطی کی گئی تھی وہ اب دوبارہ نہیں دھرائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے گئے اور 2018کی غلطی دھرائی گئی تو ہم سمیت اس ملک سے محبت کرنے والے محب وطن مخلص اور ایماندار لوگ پاکستان کو خیر باد کہہ کر بیرون ممالک چلے جائیں گے کیونکہ ہم اس پاک سرزمین کو اس طرح سے تباہ و برباد ہوتا نہیں دیکھ سکتے، یہ مملکت خداداد بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کی گئی ہے، ہمارے آباؤد اجداد نے قیام پاکستان کے لئے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی، پاکستان ہمیں طشتری یا تحفے میں نہیں ملا اس کے حصول کیلئے لاکھوں جانیں دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے