کشتی حادثہ، وزیراعظم شہبازشریف کاملک بھرمیں سوگ کا اعلان

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) یونان میں 14 جون کو حادثے پر وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ،کل ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقررجبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی ،آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی ،کمیٹی کی جانب سے انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ۔عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی ۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا۔ ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی۔ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چند دن قبل یونان کے قریب بحیرہ روم میں مسافر کشتی الٹنے کے باعث 500 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوگئی تھی جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی تھی جو بہتر مستقبل کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے،یونانی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ریسکیو آپریشن کی بدولت چند افراد کو زندہ بچایا گیا ہے تاہم کشتی پر سوار افراد کی بڑی تعداد ہلاک اور لاپتہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے