اب کراچی میں نفرت کی سیاست، لسانیت، تنگ نظری کا باب ختم اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے ثابت کردیا ہے کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، میئر کراچی مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سمیت تمام منتخب اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں اب کراچی میں نفرت کی سیاست، لسانیت، تنگ نظری کا باب ختم اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت فیڈریشن کی مقبول ترین جماعت ہے ملک بھر کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی فتح نے یہ ثابت کردیا ہے کہ کراچی کے عوام اب ان قوتوں کا ساتھ نہیں دینا چاہتے جنہوں نے ہمیشہ عوام میں نفرت کے بیج بوئے۔ سید حسنین ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی کے امیدوار کو انکے اپنے اتحادیوں نے ووٹ نہیں دیا جبکہ شکست کو تسلیم کرنے کے بجائے اسے 1970 کے انتخابات کا رنگ دیا گیا تاہم جماعت اسلامی کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس وقت شیخ مجیب الرحمن واضح اکثریت لیکر آئے تھے نہ کہ اتحادیوں کے سہارے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کراچی ترقی اور یہ ترقی ایک جیالہ ہی دلوا سکتا ہے مرتضی وہاب کی صورت میں کراچی کو بہترین میئر ملا ہے جو کراچی کی بہتری کے لئے کام کریں گے ہماری نیک خواہشات مرتضی وہاب اور سندھ بھر سے منتخب چیئرمینوں کے ساتھ ہیں۔