ملک کی سیاسی صورتحال:نواز شریف نےلیگی رہنماؤں کی اہم بیٹھک لندن میں طلب کر لی

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نےآئندہ ملک کی سیاسی صورتحال کے معاملے پر لیگی رہنماؤں کی اہم بیٹھک لندن میں طلب کر لی۔اجلاس میں ممکنہ عام انتخابات کی تاریخ،نواز شریف کی وطن واپسی اور اتحایوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ سمیت دیگر امور جائزہ لیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے زیرصدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس لندن میں ہو گا۔اجلاس آئندہ ہفتے کے دوران لندن میں نواز شریف کے دفتر میں ہو گا۔وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم وفاقی وزرا و دیگر رہنما لندن اجلاس میں شریک ہوں گے۔لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ، موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے۔

اجلاس میں عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی بارے بھی مشاورت ہو گی۔نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوا تو اس سے پہلے تاحیات نااہلی کے خاتمے، واپسی کے شہر اور استقبال کی تیاریوں پر بھی غور ہو گا۔لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر میں پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مشاورت ہو گی۔اجلاس میں پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممکنہ امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم بارے غور ہو گا۔

مریم نواز اور رانا ثناء اللہ پنجاب سے ممکنہ امیدواروں کی فہرستیں نواز شریف کو پیش کرینگے۔لندن اجلاس میں عوام کو آئندہ عام انتخابات سے قبل فوری ریلیف دینے کے اقدامات بارے حکمت عملی بھی طے کئے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں مسلم لیگ کے انتخابی منشور کے نکات پر بھی حتمی غور کیا جائے گا۔لندن اجلاس میں آئندہ نگراں وزیراعظم کے لئے حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے ممکنہ ناموں پر بھی مشاورت ہو گی۔وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنما ممکنہ طور پر سوموار یا منگل کو لندن کے لئے روانہ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے