بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت کیلئے منڈیاں لگائی گئی ہیں، سردار کمال خان بنگلزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے اکثر سرکاری محکموں میں آسامیوں کی فروخت کو بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت کیلئے منڈیاں لگائی گئی ہیں، سر عام بولیاں لگائی جارہی ہیں، لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے ملازمتیں فروخت کرنا عوامی نمائندوں کو اولین ترجیح بن چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کو باعث افسوس قرار دیتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت کیلئے منڈیاں لگائی گئی ہیں جے وی ٹی ٹیچر کی آسامی کیلئے بارہ سے تیرہ لاکھ، لیویز کے سپاہی کی پوسٹ کیلئے نو لاکھ روپے تک لوگوں سے وصول کئے جارہے ہیں جس کے شوائد بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس قدر بڑے پیمانے پر اسامیوں کی خرید و فروخت پسماندہ صوبے کے لوگوں کیساتھ ظلم و زیادتی اور غریبوں سے روزگار کا حق چھیننے کے مترادف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں کیلئے تگ و دو کرنے والے اکثر بیروزگار نوجوانوں کا تعلق متوسط گھرانوں سے ہے جن کی کوشش ہے کہ وہ روزگار حاصل کرکے اپنے گھر والوں کی کفالت کرسکیں مگر یہاں تو منڈیاں لگی ہوئی ہیں میرٹ کے برعکس تعیناتیاں ہورہی ہیں انہوں نے کہاکہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنا منتخب عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہئے تھی مگر یہاں ملازمتیں فروخت کرنا انکی اولین ترجیح بن چکی ہے انہوں نے کہاکہ ماضی میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت کو شرمندگی کا باعث قرار دیا جاتا تھا مگر اب سر عام بولیاں لگائی جارہی ہیں اور ملازمتوں کی فروخت کو جائزہ قرار دیا جارہا ہے اکثر محکموں میں ملازمتیں فروخت ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیسوں کے عیوض تعینات ہونے والے لوگ عوام کی خدمت کے بجائے ملازمت کیلئے ادا کی گئی رقم کرپشن کرکے واپس لیں گے جس سے صوبے کی پسماندگی اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہوگا جو صوبے کے آئندہ مستقبل کیلئے نیک شگون نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے