پنجرہ پل کو فوری طور پر تعمیر کیا جائے تاکہ آئے روز ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو نجات مل سکے، سحرگل خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) تحریک جوانان پاکستان بلوچستان کے صدر سحرگل خلجی اور بابرخان خجک نے وفاقی و صوبائی حکومت اورا ین ایچ اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجرہ پل کو فوری طور پر تعمیر کیا جائے تاکہ آئے روز ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو نجات مل سکے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 26اگست کو پنجرہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیاتھا جس کے بعد 6ستمبر کو وزیراعظم پاکستان اورچیئرمین این ایچ اے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے پنجرہ پل کا معائنہ کیا اور عارضی راستہ بحال کرنے پر 50لاکھ روپے انعام دینے کااعلان کیالیکن ایک سال گزرنے کے باوجود پنجرہ پل تاحال دوبارہ نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے آئے روز وہاں ٹریفک جام ہوتی ہے اور کئی کئی گھنٹے مسافر اور سبزی،فروٹ سے لوڈ گاڑیاں پھنس جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے پاس ہنگامی فنڈز ہونے کے باوجود بھی پنجرہ پل کو تعمیر نہیں کیا جارہاہے جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھوڑی سی بھی بارش ہوجاتی ہے تو پنجرہ پل کے مقام پر ہرقسم کی ٹریفک معطل ہوجاتی ہے جس سے شہریوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک جوانان پاکستان اور سول سوسائٹی کی جانب سے آج کوئٹہ سے پنجرہ پل تک پیدل لانگ مارچ شروع کیا جائے گا اورپنجرہ پل پہنچ کر دھرنا دیں گے جو پل کی تعمیر تک جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے