صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،سردار عبدالرحمٰن کھیتران
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات علی اکبر بلوچ چیف انجینئر ڈیزائن سجاد بلوچ ٹیکنیکل ایڈوائزر مختیار کاکڑ کے علاوہ صوبہ بھر سے تعلق رکھنے والے انجینئر آفیسران بھی موجود تھے اس موقع پر ٹیکنیکل ایڈوائزر محکمہ مواصلات و تعمیرات سجاد بلوچ نے صوبے میں جاری روڈ سیکٹر کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اعلیٰ میعار یقینی بنایا جائے تمام منصوبوں میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ مضبوط انفراسٹرکچر بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں روز اول سے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات سیکرٹری مواصلات و تعمیرات علی اکبر بلوچ کی سربراہی میں محکمہ کے تمام انجینئر آفیسران کے ساتھ مل کر صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ روز اول سے محکمہ میں میرٹ کو ترجیح دی جسکی وجہ سے محکمہ کا مورال بلند ہوا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے ہدایت کی کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے صوبے کے عوام کو اس کے ثمرات مل سکیں۔