سُسرال کے اصرار پر اداکاری شروع کی، ماہ نور بلوچ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ماضی کی معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ بہت چھوٹی تھیں تو کیمرے کے سامنے آنے سے گھبرا کر چھپ جاتی تھیں، ہم ٹی وی کی بانی سلطانہ صدیقی اور سسرال کے اصرار پر انہوں نے اداکاری شروع کی تھی۔حال ہی میں اداکارہ نے میزبان تابش ہاشمی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی، کریئر اور دیگر موضوعات پر بات کی۔
یاد رہے کہ ماہ نور بلوچ کی شادی حامد صدیقی کے ساتھ بہت کم عمری میں ہی ہوگئی تھی، انہوں نے پروگرام میں بتایا کہ یہ ان کی محبت کی شادی تھی۔ماہ نور بلوچ عام طور پر اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بہت کم انکشافات کرتی ہیں، تاہم مذکورہ پروگرام میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ’ہم ٹی وی‘ کی بانی سلطانہ صدیقی ان کے شوہر کے پھوپھی ہیں۔
ماہ نور نے بتایا کہ انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا، کم عمری میں حادثاتی طور پر اداکارہ بنی اور پھر شوبز انڈسٹری کا حصہ بن کر رہ گئیں۔ماہ نور بلوچ نے بتایا کہ چونکہ ان شادی ہوچکی تھی تو انہیں کچھ معلوم نہیں تھا کہ زندگی میں آگے کیا کرنا ہے، جو مواقع مل رہے تھے وہ ان کا تجربہ کر رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’کیمرے کو دیکھ کر میں کسی کونے میں جاکر چھپ جاتی تھی، لیکن سلطانہ صدیقی میرے سُسر کو فون کرکے اصرار کرتی تھیں کہ میں کسی طرح کیمرے کے سامنے آجاؤں، سلطانہ صدیقی نے ہی مجھے اداکاری کرنے پر رضامند کیا۔ماہ نور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے سسرال والے ان کے اداکارہ بننے کے خیال پر رضامند تھے کیونکہ ان کے سسر اپنی بہن سلطانہ صدیقی سے بہت قریب تھے، ماہ نور نے بتایا کہ سسرال کا ڈر تھا کہ وہ کہیں ناراض نہ ہوجائیں، اس لیے اداکاری کرنے پر رضامند ہوئی۔واضح رہے کہ ماہ نور بلوچ ماضی کے مقبول ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں ماروی، حقیقت، لیڈیز پارک، نور پور کی رانی، عشق عبادت شامل ہیں۔