اساتذہ کرام معماران ملت ہیں ان کے جائز مسائل ہر صورت حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، میر عارف محمد حسنی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری، صوبائی وزیرملک نعیم بازئی، صوبائی مشیراطلاعات مٹھا خان کاکڑ، ارکان صوبائی اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی اور میرزابد خان ریکی جمعہ کو گورنمنٹ ٹیچر ایسوسی ایشن کے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ آئے۔ میر عارف جان محمد حسنی نے حکومتی ٹیم کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام معماران ملت ہیں ان کے جائز مسائل ہر صورت حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردان زئی نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اساتذہ کے جائز مطالبات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ اساتذہ اپنے مطالبات کے حل کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اصرار پر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی کی قیادت میں چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی، سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند، چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ اور سینئر نائب صدر گل باران حسنی مذاکراتی ٹیم نے حکومتی مذاکراتی ٹیم سے بلوچستان اسمبلی میں مختصر نشست کی جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور ہفتہ کی دوپہر کو ہوگا۔واضح رہے کہ میر عارف جان محمد حسنی پوائنٹ آف آڈرز پر اساتذہ کے مسائل بہترین انداز میں اجاگر کیا۔