کراچی، سوتیلے بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کر دیا
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں سوتیلے بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کر دیا۔ اتحاد ٹاؤن تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی بلاک اے گلشن حبیب مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی کچھ دیر موت اور زندگی میں کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دوران علاج دم توڑ گیا۔مقتول کی شناخت 45 سالہ یوسف ولد فضل محمد کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن امداد علی نے بتایا کہ مقتول یوسف کو اس کے سوتیلے بیٹے زیب اللہ ولد زبیر نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ مفرور ملزم کے والد زبیر نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی اور ڈیڑھ سال کے بعد ملزم کی والدہ نے یوسف نامی شہری سے دوسری شادی کر لی تھی۔ ملزم زبیب اللہ اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے اس کے گھر آیا تھا اور ملاقات کے بعد ملزم نے گھر سے نکلے کے بعد گلی میں اپنے سوتیلے باپ پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوگیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ سوتیلے باپ کے سینے میں گولی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جو جانبر نہ ہو سکا۔پولیس افسر کے مطابق ملزم زیب اللہ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کا رہائشی ہے اوراس کا آبائی تعلق باجوڑسے ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔