جوڈیشل کمیشن اجلاس؛ بلوچستان ہائیکورٹ کے پانچوں ججز کو مستقل کرنے کی سفارش
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے پانچوں ججز کو مستقل کرنے اور پشاور ہائیکورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کی سفارش کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے پانچوں ججز کو مستقل کرنے کی سفارش کردی گئی۔
ججز میں جسٹس اقبال کاسی، جسٹس شوکت رخشانی، جسٹس گل حسن ترین، جسٹس محمد عامر نواز اور جسٹس سردار احمد حلیمی شامل ہیں، جوڈیشل کمیشن نے حتمی منظوری کے لیے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کو بھجوا دیا ہے۔علاوہ ازیں جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ججز میں جسٹس شاہد خان، جسٹس فضل سبحان اور جسٹس خورشید اقبال کے نام شامل ہیں.