گوادر سی پورٹ پاکستان کی ترقی میں معاشی گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ گوادر سی پورٹ پاکستان کی ترقی میں معاشی گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک پاکستان کی مصنوعات کی رسائی آسانی سے ہوگی گوادر پورٹ فعال ہونے اور بارڈراکنامک زون سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسرآئیں گے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ سابق وفاقی حکومت نے گوادرسی پیک منصوبوں کو بندکرکے پاکستان دشمنی کاثبوت دیا اور پاکستان کے دیرینہ دوست چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا جس کانقصان پاکستان اور یہاں کے عوام کو اٹھانا پڑا مسلم لیگ(ن) نے وفاقی حکومت سنبھالنے کے بعد نہ صرف گوادر پورٹ بلکہ سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا بلکہ چین سمیت دیگر دوست ممالک سے تعلقاتت کو بھی بہتر بنایاہے جس سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے جس سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گاسی پیک کے تحت بہت سے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کئی دیگر پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے سی پیک کے تحت توانائی، سڑک، ریل انفراسٹرکچر، صنعتی زونز، ٹیکنالوجی کے منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہونگے۔انہوں نے کہاکہ گوادر پورٹ فعال ہونے اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگااور پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے ملک میں بے روزگاری کے خاتمے میں مددملے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بارڈراکنامک زونز کے قیام سے پاکستان کو سستی بجلی،گیس اور خام مال دستیاب ہوگا جس سے سستی اشیائتیار ہونے سے مہنگائی کے خاتمے میں مدداور لوگوں کو سہولیات میسر ہونگی۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک ایران،افغانستان، چین اوردیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزیدمضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے تجارتی تعلقات مضبوط ہونے سے پاکستان اور ہمسایہ ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگاتو دوسری طرف اسمگلنگ کی روک تھام میں مددملے گی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے