نیب کی جانب سے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالایوسف خلجی نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلاکرکے رکھ دیا ہے صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز چند افراد کی جیبوں میں چلے جاتے ہیں کرپشن کرنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے نیب کی جانب سے کرپشن اور خوردبرد میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی خوش آئند ہے۔یہاں جار ی ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ 75سال سے بلوچستان کے عوام پر حکمرانی کرنے والے قوم پرست اور مذہب پرستوں نے صوبے کے وسائل کو بڑی بے دردی سے لوٹا ہے اور الزام دوسرے صوبوں پر لگاتے آرہے ہیں کہ وہ صوبے کی پسماندگی کے زمہ دار ہیں بلوچستان کے عوام اب باشعورہوچکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز کس نے خوردبرد کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ اوردوردرازکے علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں اورعوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں حکمران اور اپوزیشن جماعتیں عوام کی خدمت کی بجائے اپنے بینک بیلنس میں اضافے اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں بلوچستان امن جرگے کا مطالبہ ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث عناصرکا بلا امتیازکڑا احتساب ہونا چاہئے تاکہ آئندہ کسی کوکرپشن کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتاآرہا ہے اور اس سلسلے میں بلوچستان امن جرگے نے عوامی رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے اورعوام میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے شعور اجاگر کیا جارہا ہے اب سیاستدانوں کو صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کا حساب دینا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے