شر پسند جناح ہاؤس سے لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے ہیں جسے آرمی برآمد کرے گی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شر پسند جناح ہاؤس سے لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے ہیں جسے آرمی برآمد کرے گی، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے جو مذاکراتی کمیٹی بنائی اُس کو حکومت نے سنجیدہ اس لیے نہیں لیا کیونکہ اب بات بہت آگے نکل گئی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جناح ہاؤس پر ہونے والے حملے میں شرپسند وہاں رکھے لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے ہیں جن میں حساس معلومات تھیں، اب ان لیپ ٹاپ سمیت دیگر اہم اشیا کو کوئی تھانیدار نہیں فوج ہی برآمد کرے گی اور اس کیس میں آرمی ایکٹ بھی اسی وجہ سے لگایا گیا ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ جناح ہاؤس یا اطراف میں داخل ہوئے اُن کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلے گا، اگر یہ سب عمران خان نے منصوبہ بنایا تو پھر ملٹری کورٹ میں اُس کا بھی ٹرائل ہوگا۔ پی ٹی آئی سے لاتعلقی اختیار کرنے والے مقدمات سے بچ سکتے ہیں تاہم جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کی مسلم لیگ ن میں گنجائش کم ہے۔ اکتوبر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہوں گے اور انتخابات کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے