شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان(ڈیلی گرین گوادر) سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاکخیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ 24 مئی کو خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقہ کوٹ اعظم میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں میں پنجاب کے ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ نائیک محمد عتیق اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک رجب علی شامل ہیں۔اسی طرح 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔