عوام اور سیکورٹی فورسز کے باہمی تعاون اور قربانیوں سے صوبے میں امن لوٹ آیا ہے، سید حسنین ہاشمی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 34 ویں نیشنل گیمز کا کامیاب اور پرامن انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام اور سیکورٹی فورسز کے باہمی تعاون اور قربانیوں سے صوبے میں امن لوٹ آیا ہے، بلوچستان کے لوگ کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ یہ بات انہوں نے نیشنل گیمز کے اختتام کے موقع پر اپنے بیان میں کہی۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان نے 19 سال بعد 34 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی کی اور تمام تر مشکلات پر قابو پاتے ہوئے صوبے میں قومی کھیلوں کا انعقاد نہ صرف یقینی بنایا بلکہ انکا بہترین انداز میں اختتام بھی ہوا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے عوام امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والے ہیں صوبے نے امن و امان کی مخدوش صورتحال میں بہت نقصانات اٹھائے ہیں لیکن اب بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے اور اسی امن کی بدولت یہاں پاکستان سپر لیگ کا میچ بھی ہوا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں کھیلوں کو فروغ دیکر نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے نوجوان اپنی تمام تر توانائیاں تعلیم کے حصول، صوبے اور اپنے کردار و استعداد میں بہتری پر مرکوز رکھیں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہوں۔ سید حسنین ہاشمی نے نیشنل گیمز کی فاتح ٹیم پاک فوج سمیت تمام حصہ لینے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی اور انکے مثبت رویے کی تعریف کی انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صوبے میں آنے والے مہمان کھلاڑی یہاں سے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام ملک بھر میں لیکر جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے