پی ٹی آئی سینیٹرز کی 9 مئی کے واقعات سے متعلق مذمتی قرارداد سینیٹ میں جمع
اسلام آباد(ڈیلی گر ین گوادر) پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مذمتی قرارداد سینیٹ میں جمع کروادی ۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ عسکری اور تاریخی عمارتوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،یہ ایوان9مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاؤس پر ہونے والے پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، جناح ہاؤس لاہور میں کور کمانڈر رہائش پذیر ہیں،اسے بھی آگ لگا دی گئی تھی ۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے قیمتی سامان کو بھی نذر آتش کیا گیا، شہداء کی یادگاریں بھی جلا دیا گیا، تاریخی عمارتوں، مساجد اور اسکولوں کو آگ لگائی گئی اور نقصان پہنچا یا گیا، یہ ایوان اپنے اداروں کے ساتھ اظہار یک جہتی اورغیر متزلزل حمایت کرتا ہے،مسلح افواج ،سیکورٹی ایجنسیوں اور بڑے پیمانے پر ان واقعات سے متاثر ہونے والے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے روز القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں متعدد مقامات پر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا، اس دوران شرپسند کارکنوں نے ریاستی اور فوجی تنصیبات پر دھاوا بولا۔3 روز کے پرتشدد احتجاج کے دوران ریاست و فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا، ملکی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے کئی روز تک انٹرنیٹ معطل رکھا۔