ساری قیادت کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا مگر کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا، مریم نواز

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) رہنما مسلم لیگ ( ن ) مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کی ساری قیادت کو بھی جیلوں میں ڈالا گیا تھا مگر کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا،گیدڑ کو دیکھو خود پرمشکل وقت آیا تو امریکا کے پاؤں پکڑ لیے۔ لبرٹی چوک میں مسلم لیگ ( ن ) کی یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو سلام جس نے ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا، قومی سلامتی کے اداروں ، پاک فوج کو سلام جنہوں نے اس کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف نے ایک لمحہ کی تاخیر کیے بغیر چاغی میں ایٹمی دھماکے کیے اور ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا،بل کلنٹن کی طرف ہی سے نہیں دنیا بھر سے دبائو آیا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرنا لیکن نوازشریف نے دبائو برداشت کرکے ایٹمی دھماکے کر دیے، کیونکہ بہادر قوموں کی قیادت بھی بہادر لیڈر ہی کیا کرتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے بین الاقوامی پابندیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا نیچے جھکنے نہیں دیا اور معیشت و قوم کو سنبھالا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے ہی نہیں کیے ملک کو ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا، 75سالہ تاریخ میں ن لیگ کے منصوبے نکال دو تو کھنڈرات ہی بچتے ہیں۔

سینیئر نائب صدر ن لیگ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ن لیگ کی ساری قیادت جیلوں میں تھی مگر کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا، آج بھی پارٹی کے لوگ چٹان کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں، اور گیدڑ کو دیکھو خود پر مشکل وقت آیا تو امریکا کے پاؤں پکڑ لیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے