پولیس گرائمر سکول کے بعد روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا سلسلہ سکول کالج اور تمام تعلیمی اداروں میں شروع کر دیا جائے گا، آئی جی پو لیس بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پو لیس بلو چستان عبد الخا لق شیخ نے کہا ہے کہ پولیس گرائمر سکول کے بعد روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا سلسلہ سکول کالج اور تمام تعلیمی اداروں میں شروع کر دیا جائے گا، روڈ سیفٹی وال آگاہی مہم سے ٹریفک قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرائیونگ کریں اس مہم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے خطرناک حادثے سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان میں پہلی بار روڈ سیفٹی وال آگاہی مہم کے اجراء کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کم عمر ڈرائیور کی بھر مار اورغلط ڈرائیونگ کرنے سے ٹریفک حادثات میں زیادہ تر انسانی جانوں کا ضیاع ہو تا ہے ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ باندھنا اور موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے سے کافی نقصان ہو تا ہے اس صورت حال سے نکلنے کیلئے معاشرے میں اساتذہ اور والدین کا کردار انتہائی اہم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمار ا دین اپنی اور دوسروں کی نہ صرف حفاظت کا درس دیتا ہے بلکہ دوسروں کیلئے آسانیاں پید ا کرنا بھی ہمارا مذہبی اورقومی فریضہ ہے تیز رفتا ر موٹر سائیکل چلانے والے بچوں پر والدین بھی گہری نظر رکھیں انہیں گھر میں موٹر سائیکل احتیاط سے چلانے کی تربیت اور نصیحت ضرورکریں ہر سال تقریباً 1.3 ملین لوگوں کی زندگیاں سڑکوں پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ختم ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مندرجہ بالا حقائق کے پیش نظر، بلوچستان پولیس ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو اپنایا ہے روڈ سیفٹی وال مہم کا مقصد تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سڑک پار کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر کا اختیار کرنا ضروری ہے روڈ سیفٹی وال مہم کی آگاہی ہر شہری کا فرض ہے تاکہ اپنے اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے حادثات سے بچا جا سکے۔