وزیراعلی بلوچستان،کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سمیت دیگر نے سی پی او آفس کوئٹہ میں پولیس یادگار شہدا پر سلامی دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان قدوس بزنجو اور کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو اور آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے سی پی او آفس کوئٹہ میں پولیس یادگار شہدا پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور سلامی دی۔اور شہدا کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی،اعلی سول و عسکری حکام کے علاوہ شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ان شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان میں امن وامان کا قیام ممکن ہوا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کی سلامتی کے اداروں کے املاک اور شہدا کے یادگاروں پر حملہ کرکے پوری قوم کی دل آزاری کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے اور سب سے پہلے ملک میں بلدیاتی انتخابات، پی ایس ایل نمائشی میچ اور انیس سال کے طویل عرصے کے بعد کوئٹہ بلوچستان میں 34 ویں نیشنل گیمز کا کامیاب انعقاد ان شہدا کی بدولت ممکن ہوا اور حکومت بلوچستان شہدا کے لواحقین کی ہرممکن معاونت اور سپورٹ کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور پولیس شہدا کے لواحقین سے گھل مل گئے۔