قوم وطن عزیز کی راہ میں جانیں نثار کرنے والے شہداء کی مقروض ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ قوم وطن عزیز کی راہ میں جانیں نثار کرنے والے شہداء کی مقروض ہے،شہید کبھی نہیں مرتے بلکہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے،شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یوم تکریم کے موقع پر لیویز ہیڈ کوارٹر میں یاد گار شہداء پر پھول چڑھانے کے بعدمنعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ لیویز فورس عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر دم تیار ہے بلوچستان کے لئے لیویز فورس سب سے زیادہ اہم ہے لیویز فورس کی استعداد کار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ موت برحق ہے اور جنہوں نے شہادت حاصل کی انہیں اللہ تعالیٰ نے بڑا رتبہ دیا اللہ تعالیٰ کی مرضی سے دنیا میں آئے اور اللہ ہی کی مرضی سے واپس جائیں گے امن کے قیام کے لئے لیویز کا بنیادی کردار ہے اسے مزید بہتر بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ لیویز کے شہداء نے بہادری اور جرات کی عظیم مثالیں قائم کیں شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کرتے ہیں شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لواحقین کی نگہداشت اور دیکھ بھال ہماری اولین زمہ داری ہے شہداء کے لواحقین کے لئے مالی معاونت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے لواحقین سے بات چیت کر تے ہوئے انکے عزم و حوصلہ کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے