شہدا ء کی تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے، 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) شہداء وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج سے بھرپور اظہار یک جہتی کیلئے ملک بھرمیں ”یوم تکریم شہدائے پاکستان”کے حوالے سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد پاک وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور پاک افواج سے قوم کی والہانہ اور لازوال محبت ظاہر کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ممتاز زہری نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے حوالے سے اپنے اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔،شہداء کا وقار مجروح کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی اور نہ ہی کبھی بھولے گی۔ حکومت کی جانب سے 25 مئی کو یوم تکریم شہدائے پاکستان منانے کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی وطن عزیز قائم ہے۔وطن کے غیور عوام نے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج سے بھرپور اظہار یک جہتی کیلئے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جو کہ خوش آئند بات ہے اور یہ تقریبات پاک وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور پاک افواج سے قوم کی والہانہ اور لازوال محبت ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے شہدا ء کی قربانیوں کو مسخ یا زائل نہیں کر سکتا۔پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے ریاست کی علامت ہیں اورتمام ادارے ملک کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلاشبہ وطن عزیز کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے خدمات انجام دیتے ہیں تاکہ ہم سکون سے زندگی بسر کر سکیں جبکہ دفاع پاکستان میں شہدا ء کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ قوم وطن پاکستان کے امن وامان اور دہشت گردی کے خاتمے کی خاطرشہداء اور پاک افواج کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکریم شہدائے پاکستان منانے کا مقصد جہاں ایک طرف شہداکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے وہاں قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہدا اور ان کی فیملیز پاکستان کا فخر ہیں اور شہداء کی تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے۔انہوں نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ پاک افواج سمیت پوری محب وطن پاکستانی قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔