بلوچستان میں اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سلسلے میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عبدالرؤف بلوچ

ژوب (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری ثانوی تعلیم عبدالرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اساتذہ کی شدید کمی ہے، جس کے باعث ہمیں تعلیمی سلسلے میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی کی ہدایت پراساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور نہایت شفاف طریقے سے اور اہلیت کی بنیاد پر اساتذہ کی تقرری کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایس بی کے کے تحت محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کیلئے منعقدہ تحریری ٹیسٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر ژوب ڈویژن سعید احمد عمرانی، پرنسپل ڈگری کالج سید مبین شاہ اخوندزادہ، ای ڈی او محکمہ تعلیم ژوب لعل جان موسیٰ خیل، ای ڈی او شیرانی تازہ خان ناصر، ڈی او ای شیخ موسیٰ خان مندوخیل، ڈی ڈی او اسداللہ مردانزئی، عجب خان کاکڑ اور محمد آصف راجپوت بھی موجود تھے۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا ہے کہ تحریری امتحان میں جی وے ٹی کے خالی آسامیوں پر سات ہزار میل فیمیل امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد دوسو اکیانوے ہے۔ جس کی نگرانی ایس بی کے کے پچاس سپروائزر کررہے ہیں۔ تحریری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سہولت اور طریقہ کار کو شفاف بنانے کی ہرممکن کوشش کی گئی ہے۔ اس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کی ہے۔ بوائز ڈگری کالج میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ٹیسٹ کے احاطے میں داخل ہونے راستے میں پولیس اور لیویز کی بھاری نفری کی تعیناتی کے علاوہ واک تھرو گیٹ بھی لگا گیا ہے اور امیدواروں کی جامعہ تلاشی لی جاتی ہے۔ ہر امیدوار کی رول نمبر سلپ اور قومی شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انھیں امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے