آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، محمد شہباز شریف
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی آمدن اور محصولات کے حوالے سے اس سال کے نظر ثانی شدہ اور اگلے سال کے ٹارگٹیڈ تخمینہ جات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں،گزشتہ دو مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا ،پینشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تا کہ قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا جا سکے اور پنشنرز کی بہترین فلاح و بہبود ممکن بنائی جا سکے ،محصولات بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون 2023 کو پیش کیا جائے گا، اجلاس کو آگاہ کیا کہ پاکستانی معیشت مالیاتی استحکام کی جانب گامزن ہے اور مالیاتی خسارے میں مسلسل کمی آ رہی ہے ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر جہان زیب خان، ملک احمد خان، طارق پاشا، طارق باجوہ ، عطا اللہ تارڑ، رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔